۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
ماموستا مصطفی شیرزادی

حوزہ/ امام جمعہ شہر مریوان نے کہا کہ ہمیں ہر لمحہ اور ہر جگہ دشمنوں کے فتنوں اور سازشوں سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران کو کمزور کرنا عالم اسلام کو کمزور کرنے کے برابر ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران میں اہلسنت عالم دین و امام جمعہ و الجماعت مولوی مصطفیٰ شیرزادی نے کردستان کے مریوان شہر میں پولیس اور سرحدی محافظوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ہم نے انقلاب اسلامی کے خلاف دشمنوں کی بہت بڑی سازشوں کا کردستان جیسے صوبوں میں مشاہدہ کیا ہے،لہذا ہمیں ہر لمحہ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔

اِمام جمعہ شہر مریوان نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے ساتھ یہ تمام دشمنی ایران کی نظامی طاقت یا میزائل طاقت کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے نہیں ہے بلکہ دشمن اور خاص طور پر صہیونیوں کا غصہ عالم اسلام میں انقلاب اسلامی ایران کے ثقافتی اور نظریاتی مقام سے پیدا ہوتا ہے،لہذا ہمیں ہر لمحہ اور ہر جگہ دشمنوں کے فتنوں اور سازشوں سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران کو کمزور کرنا عالم اسلام کو کمزور کرنے کے برابر ہے۔

مولوی شیرزادی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ انقلاب اسلامی کے خلاف دشمن کے حربے بہت ہیں،کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے آغاز سے ہی قوم کو آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کا سامنا کرنا پڑا اور اس نظامی مقابلے کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران پر ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ہمیں سیٹلائٹ نیٹ ورکس کو خاندانوں کی بنیادوں میں گھسنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے،کہا کہ آج بدقسمتی سے،بہت سے نوجوان جوڑے بچے پیدا کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور یہی دشمن کی سازش اور فریب ہے۔

مولوی شیرزادی نے کہا کہ معاشی،ثقافتی اور سماجی مسائل سے کسی کو انکار نہیں ہے،لیکن ہم کسی بھی طریقے سے آبادی کے مسئلے کو حل کرنے کا انتظام کر سکتے ہیں،بشرطیکہ اس شعبے میں حکومت کی بھی مراعات شامل ہوں۔

آخر میں انہوں نے ایران اور خاص طور پر صوبۂ کردستان میں برقرار مستحکم امن و امان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں اور دہشتگرد گروہوں کی دن رات کی کوششوں کے باوجود، خوش قسمتی سے ہم صوبۂ کردستان میں بہترین امن و امان کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ایسی سیکیورٹی اس خطے میں سرمایہ کاروں کے داخلے کا باعث بن سکتی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .